ایرانی تاریخ کی سب سے بڑی ولایت فور فضائی مشقیں شروع‘ ایران نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی ہے: سعودی عرب کا الزام
تہران/ریاض (اےن اےن آئی/نوائے وقت رپورٹ) ایران نے ملک کے مشرقی نصف حصے میں وسیع پیمانے پر دفاعی نوعیت کی فضائی مشقیں شروع کر دیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق پیر سے ان مشقوں کا آغاز ہو گیا ہے یہ مشقیں ایک ایسے وقت پر کی جا رہی ہیں جب امریکہ کے ساتھ گشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ ان فضائی دفاعی مشقوں کو ولایت فور کا نام دیا گیا ہے۔ ان مشقوں کے لئے استعمال ہونے والا رقبہ ساڑھے آٹھ لاکھ مربع کلومیٹر بنتا ہے۔ یہ مشقیں ملک کے شمال مشرق، مشرق اور جنوب مشرقی علاقوں میں کی جا رہی ہیں۔ یہ رقبہ پورے ایران کا تقریبا نصف حصہ بنتا ہے۔ ایرانی تاریخ کی سب سے بڑی فضائی مشقیں ہیں۔ تقریباً آٹھ ہزار فوجی حصہ لیں گے۔ ایرانی سرکاری نیوز ایجنسی نے بتایا کہ ان مشقوں کے دوران کئی طرح کے راڈار اور فضائی جاسوسی اور نگرانی کے آلات استعمال کئے جائیں گے۔ فضائی دفاع کے ہیڈکوارٹرز کے سربراہ فرزاد اسماعیلی نے بتایا کہ ان مشقوں کے دوران ایرانی بمبار طیارے ری فیولنگ کے لئے استعمال ہونے والے ہوائی جہاز اور بغیر پائلٹ کے پرواز کرنے والے جاسوس طیارے بھی ٹیسٹ کئے جائیں گے۔ شرکت کرنے والے طیاروں میں ایف 4، ایف 5، ایف7 اور ایف14 لڑاکا طیارے بھی شامل ہوں گے۔ ترجمان شاہ رخ شہرام نے بتایا کہ میزائل اور آرٹلری سسٹم بھی ٹیسٹ کئے جائیں گے۔ ادھر سعودی عرب کے اقوام متحدہ میں سفیر نے ایران پر سرحدی حدود کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔