آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کی کامیابی پر تیسرے روز بھی کئی شہروں میں ریلیاں 

May 13, 2025

لاہور ؍ گوجرانوالہ؍ حافظ آباد؍ ننکانہ (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ نوائے وقت+ نمائندگان+) آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کی شاندار کامیابی پر تیسرے روز بھی کئی شہروں میں الفتح ریلیاں نکالی گئیں اور افواج پاکستان کی حمایت میں زبردست مظاہرے کئے گئے اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ گوجرانوالہ  میں سول ڈیفنس  کے زیر اہتمام  پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی گئی جس میں چیف وارڈن صاحبزادہ سجاد مسعود چشتی، ایڈیشنل چیف وارڈن میاں محمد اکرام، ڈپٹی چیف وارڈن عاطف جاوید، ملک ضیاء اللہ، محمد نوز قمر، شمس الحق، محمد ظہور خان، شیخ محمد عرفان، ڈپٹی ڈویژنل وارڈن کاشف بھٹی، خلیل احمد کھوکھر، حافظ غلام مصطفے، محمد تابش، مرزا اسلم مغل کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ایوان صنعت وتجارت کے زیر اہتمام پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے پاک فوج زندہ بادریلی نکالی گئی جس کی قیادت چیمبر آف کامرس کے سینئر وائس چیئرمین چوہدری شفقت حسین تارڑ ، وائس چیئرمین عبدالجبار رضا انصاری ودیگر نے کی۔ ریلی گوجرانوالہ روڈ سے شروع ہوکر فوارہ چوک پر اختتام پزیر ہوئی ۔ اس موقع پر شرکاء ریلی نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی خوشی میں ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے اور پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چیمبر آف کامرس کے سینئر وائس چیئرمین چوہدری شفقت حسین تارڑ، وائس چیئرمین عبدالجبار رضا انصاری کاکہنا تھا کہ پاکستانی فوج نے انڈیا کے ناپاک عزائم خاک میں ملاکر پاکستانی قوم کا سرفخر سے بلند کر دیا ہے۔  محکمہ تعلیم ننکانہ کے زیر اہتمام  ریلی کی قیادت چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی  شازیہ بانو نے کی۔  ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری (فی میل) مہوش امانت، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری (میل) نعیم اختر سلہریا، پرنسپل حرا ایجوکیشن سکول سسٹم قیصر عرفان چوہدری دیگر ایجوکیشن آفیسرز، تعلیمی اداروں کے سربراہان، اساتذہ کرام، اور سکولوں کے ہزاروں طلبہ نے شرکت کی۔

مزیدخبریں