وزیراعظم عمران خان نے فلسطین کے صدر محمود عباس سے جمعرات کے روز ٹیلی فونک رابطہ کیا۔دورانِ گفتگو وزیر اعظم عمران خان نے اسرائیلی مظالم کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے فلسطینی عوام کی جائز حقوق کے لیے جاری جدوجہد میں پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔وزیراعظم عمران خان نے اسرائیلی فوج کے حملوں سے بچوں سمیت فلسطینی شہریوں کی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ ’مسجداقصیٰ میں بے گناہ نمازیوں پر اسرائیلی فورسز کے حملے شرمناک ہیں‘۔ وزیراعظم نے فلسطینی صدرکو پاکستانی عوام کی جانب سے یکجہتی کا پیغام پہنچایا۔
دونوں رہنماؤں نے انسانی حقوق، عالمی قوانین کی خلاف ورزیاں روکنےکے لئےاقدامات پر گفتگو کی۔ وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے عالمی سطح پر فلسطینیوں کی ہر ممکن کوشش اور مدد کی یقین دہانی کرائی جبکہ بحرانی صورتحال میں پاکستانی قیادت نے فلسطین سے مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔وزیراعظم عمران خان نے فلسطینی صدر کو عالمی رہنماؤں سے ہونے والے رابطوں اور گفتگو سے بھی آگاہ کیا۔ محمود عباس نے پاکستانی کی حمایت کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستانی قیادت کے بروقت ردعمل کی تعریف اور مسجدِ اقصیٰ میں اسرائیلی حملوں کی مذمت کو بھی سراہا۔صدر محمود عباس نے وزیر اعظم کو حالیہ پیشرفت سے آگاہ کیا۔ دونوں ممالک کے سربراہان نے آئندہ کی حکمت عملی اور ممکنہ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال اور موجودہ صورت حال پر مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔