پاکستان سعودی عرب کو افرادی قوت فراہم کرنے والا دوسرا بڑا ملک
اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان سعودی عرب کو افرادی قوت فراہم کرنے والا دوسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔سعودی عرب میں 26 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں۔ گذشتہ تین سال میں سعودی عرب کو افرادی قوت بھجوانے میں مجموعی طور پر بنگلہ دیش پہلے، پاکستان دوسرے اور انڈیا تیسرے پر نمبر ہے۔وزیراعظم پاکستان عمران خان کے دورہ سعودی عرب میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ہونے والے مذاکرات کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ویژن 2030 کے تحت سعودی عرب کو اگلے 10 سال میں ایک کروڑ افرادی قوت کی ضرورت ہوگی۔ سعودی قیادت نے درکار افرادی قوت میں سے بڑا حصہ پاکستان سے لینے کا وعدہ کیا ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2018 میں پاکستان سے ایک لاکھ، بنگلہ دیش سے دو لاکھ 57 ہزار جبکہ انڈیا سے 72 ہزار ورکرز سعودی عرب بھجوائے گئے تاہم 2019 میں یہ تعداد پاکستان سے تین لاکھ 32 ہزار، بنگلہ دیش سے تین لاکھ 99 ہزار جبکہ انڈیا سے ایک لاکھ 60 ہزار رہی۔