وزیرِاعظم عمران خان نے پاکستان پوسٹ پنشن فنڈ کے قیام کی اصولی منظوری دےدی۔ یہ فیصلہ بدھ کو وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان پوسٹ ملازمین کی پنشن کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں وزیر مواصلات مراد سعید، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، سیکرٹری خزانہ نوید کامران بلوچ، ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ محمد اخلاق رانا و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان پوسٹ کے بجٹ اخراجات کا تقریباً 34 فیصد حصہ پنشن پر مشتمل ہے جس میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، وزیر اعظم کی ہدایت پر ملائیشیا کے پنشن ماڈل کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان پوسٹ نے پنشن فنڈ کے قیام کی تجویز پیش کی ہے،
پاکستان پنشن فنڈ کے قیام کا مقصد حکومت پر پڑنے والے پنشن کے بوجھ میں کمی لانا اور ملازمین کی پنشن کے معاملات کا بہتر انتظام یقینی بنانا ہے۔