پنجاب حکومت کے ساتھ کامیاب مذاکرات، ہڑتال ختم کرتے ہیں: ڈاکٹر سلمان
ملتان+ لاہور (سپیشل رپورٹر+پ ر) سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میاں شکیل نے کہا ہے کہ میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز ایکٹ کے حوالہ سے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے ممبران کی مشاورت سے ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو ایک ہفتہ کے دوران اپنی تجاویز پیش کرے گی جن کو باقاعدہ منظوری کے بعد سٹیڈنگ کمیٹی کے سامنے رکھا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے ینگ ڈاکٹرز اور گرینڈ ہیلتھ الائنس کے ممبران کے ساتھ کامیاب مذاکرات بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں کہی۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، پروفیسر ڈاکٹر عامر زمان خان، پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، پروفیسر ڈاکٹر ابرار اشرف، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے ڈاکٹر کامران شیخ، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب ڈاکٹر سلمان حسیب چوہدری، ڈاکٹر حامد، ڈاکٹر عمر شفیق، نرسز ایسوسی ایشن کی جانب سے شہناز کوثر، روزینہ اور پیرا میڈیک ایسوسی ایشن کی جانب سے ملک منیر، ارشد بٹ اور یوسف بلا نے شرکت کی۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری میاں شکیل نے مزید کہاکہ حکومت کسی بھی سرکاری ٹیچنگ ہسپتال کی نج کاری نہیں کرنے جارہی بلکہ میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز ایکٹ لانے کا بنیادی مقصد ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کیلئے مزید آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ یہ ایکٹ کسی بھی پروفیسر یا ڈاکٹر کے مستقبل کیلئے خطرناک ثابت نہیں ہوگا اور نہ ہی کسی ریٹائرمنٹ یا پنشن پر اثر انداز ہوگا۔ میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹشنز ایکٹ کے حوالہ سے غلط تاثر دیا جارہا ہے جس کی بنیاد سوائے ذاتی مفادات کے اور کچھ نہیں۔ ینگ ڈاکٹرز کے نمائندہ ڈاکٹر سلمان نے اس موقع پر کہا کہ ہم تمام سرکاری ہسپتالوں میں ہڑتال ختم کرنے کا باقاعدہ اعلان کرتے ہیں اور محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے ہمارے ممبران کی نامزدگی پر شکر گزار ہیں۔