ماں کائنات کی شفیق ہستی‘ خود دکھ سہتی اولاد کو آرام میں رکھتی ہے
ملتان (سماجی رپورٹر) ڈائریکٹر ملتان لاء کالج پروفیسر محمد حنیف چودھری نے کہا ہے کہ ماں جیسی شفیق ہستی اس کائنات میں نہیں جو خود تو دکھ سہتی ہے مگر اولاد کو آرام میں رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان لاء کالج میں ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن کے زیراہتمام اور شمع بناسپتی و کوکنگ آئل کے تعاون سے انٹرنیشنل مدر ڈے کے سلسلے میں دسویں سالانہ‘‘ ماں تجھے سلام کانفرنس 2018 کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مہمانان خاص سیاسی و سماجی رہنما محمدافضل سپرا‘ سید زاہد حسین‘ مخدوم شعیب اکمل ہاشمی‘ محمد ندیم قریشی‘ عمران اعظمی‘ طاہرہ نجم‘ بیگم نذیراں‘ مسز نعیم ترین‘ تقریب کے میزبان نعیم اقبال نعیم تھے جبکہ وقاص فرید قریشی معاون تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر محمد انیس چودھری نے مزید کہا کہ اﷲ تعالیٰ نے بھی ماں کے قدموں تلے جنت رکھ کر اس کا مرتبہ و مقام بلند کیا۔ محمدافضل سپرا‘ سید زاہد حسین گردیزی‘ مخدوم شعیب اکمل ہاشمی‘ محمد ندیم قریشی اور نعیم اقبال نعیم نے کہا کہ نئی نسل کو رشتوں کے تقدس سے روشناس کروانا ہمارا اخلاقی اور مذہبی فریضہ ہے۔ ماں سینکڑوں دکھ سہہ کر اور ہزاروں مشکلات کا سامنا کر کے اپنی اولاد کی پرورش کرتی ہے۔ اس موقع پر طاہرہ نجم‘ عمران اعظمی‘ بیگم نذیراں اقبال ساجد علی ملتانی‘ ملک اعجاز سومرو‘ رضوان اختر‘ زہراء علی‘ عائشہ ملک‘ وقاص مرید انصاری‘ محمدارسلان اور حذیفہ اکبر دھریجہ نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر مدر ڈے تقریب میں شامل ہونے والی مائوں میں بیسٹ مدر آف دی ایئر ایوارڈز 2018ء پیش کئے۔