عوام علاقے کی بہتری کیلئے کام نہ کرنے والوں کو رد کر دیں: سکندر بوسن
ملتان(خبرنگارخصوصی) تحفظ خوراک اور تحقیق کے وفاقی وزیر سکندر حیات بوسن نے کہا ہے کہ اڈا بوسن سمیت سینکڑوں دیہی علاقوں کی نمائندگی کرنے کا موقع ملک کے وزیراعظم کو بھی ملا تھا لیکن علاقے کی بہتری کیلئے کام نہیں کیے گئے۔ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی طرف سے فنڈز مختص کرنے کے باوجود علاقوں کی ترقی کیلئے خرچ نہیں ہو سکے جو کہ المیہ ہے۔ عوام کو چاہیے کہ وہ آئندہ انتخابات میں علاقے کی بہتری کیلئے کام نہ کرنے والوں کو رد کر یں۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز اڈا بوسن پر زرعی ترقیاتی بنک کی برانچ کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کی تمام خواہشات توپوری نہیں کر سکے لیکن انہوں نے علاقوں کی ترقی کیلئے ریکارڈ کام کرائے ہیں۔ سکندر حیات بوسن نے کہا کہ انہوں نے حالیہ پانچ سالہ دور میں بجلی‘ تعلیم اور صحت کے جتنے منصوبے مکمل کیے ہیں وہ ان علاقوں میں قیام پاکستان سے لیکر اب تک نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ضمیر مطمئن ہے اور وہ آئندہ انتخابات میں بھی حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام بھی اب مستقل مزاجی کا ثبوت دیں اور دیکھیں کہ ان کے علاقوں میں کس نے زیادہ کام کیے ہیں۔ زرعی ترقیاتی بنک ملتان کے زونل چیف زاہد اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ زرعی ترقیاتی بنک کاشتکاروں کا اپنا بنک ہے جہاں ایک ہی چھت تلے کاشتکاروں کو زرعی قرضوں کے حصول اور بینکنگ سیکٹر سے متعلق تمام سہولیات میسر ہیں اور یہ سہولت کسی اور بنک میں نہیں ہے۔ ممبر صوبائی اسمبلی شوکت حیات خان بوسن اور حاجی محمد اکرم وینس نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ اڈا بوسن برانچ کے منیجر شوکت حسین نے کہا کہ کاشتکاروں کو گندم کی فروخت کے دوران کال ڈیپازٹ اور رقم کی ادائیگی کی سہولت بھی میسر ہو گی۔