جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کو عوام کی حمایت حاصل شریف خاندان مکافات عمل کا شکار ہے: خسرو بختیار
لاہور (سپیشل رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف صوبہ جنوبی محاذکے رہنما خسرو بختیار نے جاوید ہاشمی کی جانب سے چھوٹے صوبوں کا کیس لڑنے کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ محض سات، آٹھ ارکان اسمبلی کے گروپ کا نام نہیں بلکہ یہ طویل جدوجہد کی داستان اور ایک تحریک کا نام ہے جسے جنوبی پنجاب کے کروڑوں پسماندہ اور بنیادی حقوق سے محروم عوام کی دلی حمایت حاصل ہے اور یہ بات کل ملتان میں عوام نے مسلم لیگ ن کے جلسہ میں عدم شرکت سے ثابت بھی کردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان مکافات عمل کا شکار ہے ان کا تکبر اور رعونت ان کے سامنے آرہی ہے ۔نواز شریف نے اپنی کل کی جلسی میں پشاور کے ترقیاتی کاموں کو ہدف تنقید بنایا اور ملتان میں ترقیاتی کاموں کی تعریف کی لیکن محض ایک روز بعد ہی ملتان میں کل ترقیاتی کاموں کا دعویٰ کرنے والوں کی سپیڈو بس سڑک ٹوٹنے سے زمین میں دھنس گئی ۔جعلی ترقیاتی کاموں کے ان دعویداروں کو عوام نے مسترد کر دیا۔