خراب موسم: میلان سے اسلام آباد آنے والی پرواز کی لاہور میں ہنگامی لینڈنگ
لاہور/بہاولپور (خبر نگار+نوائے وقت رپورٹ) پی آئی اے کی میلان اور پیرس سے اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 750 کو گذشتہ روز اسلام آباد میںموسم کی خرابی کے باعث مجبوراً لاہور اتارا گیا۔ لاہور میں لینڈنگ کے وقت طیارے کے انجن سے پرندہ ٹکرا گیا مگر طیارے کے پائلٹ نے کمال مہارت سے طیارے کو لاہور ائیرپورٹ پر اتار کر مسافروں کی زندگیاں محفوظ بنا دیں۔ پرندہ ٹکرانے سے طیارے میںپیدا ہونیوالی تکنیکی خرابی کی وجہ سے طیارہ فوری پرواز کرنے کے قابل نہ رہا۔ مسافروں نے اس صورتحال پر شدید احتجاج کیا اور اپنے احتجاج کی موبائیل فون پر فلمیں بنا کر سوشل میڈیا پر ڈالتے رہے ۔مسافروں نے بذیعہ موٹروے اسلام آباد جانے سے انکار کیا اور پی آئی اے انتظامیہ کو ناہل قرار دیتے رہے ۔تاہم بعد ازاںمسافروں کو بذریعہ سڑک اسلام آباد بھجوایا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ طیارے میں بک کرائی گئی دو میتیں ان کے لواحقین کی رضا مندی سے پی آئی اے کی جانب سے مفت ایمبولینس فراہم کرنے کے بعد انکے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئیں۔ پی ّئی اے کے ترجمان کے دعویٰ کے مطابق ائر لائن کی کارکردگی میںبہتری پر حکومتی اداروں نے اعتماد کا اظہار کیا ہے اور اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پی آئی اے کے بزنس پلان 2018-22ء کا بغور جائزہ لینے کے بعد ائر لائن کی مالی تنظیم نو کی منظوری دے دی ہے۔ پی آئی اے کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول سیان نے اقتصادی کمیٹی کی جانب سے فنڈز کی منظوری کو پی آئی اے انتظامیہ کی کوششوں اور محنت کو قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس کی وجہ سے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں جو کہ ائر لائن کی تنظیم نو کیلئے بہتر ہیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں خاص طور پر چیف آپریٹنگ آفیسر ضیاء قادر قریشی، چیف ہیومن ریسورس آفیسر عاصمہ باجوہ، چیف ٹیکنیکل آفیسر عامر علی،چیف کمرشل آفیسر بلال منیر شیخ ، فرحان سمیع اللہ اور ذوالقرنین مہدی بشمول دیگر کی کاوشوں کو سراہا۔ کراچی سے بہاولپور پہنچنے والی پی آئی اے کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق پرواز پی کے 588کی لینڈنگ سے کچھ دیر پہلے طیارے کے انجن نے کام کرنا چھوڑ دیا تاہم طیارے کے کپتان نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک انجن سے بحفاظت لینڈنگ کی ایک ہفتے کے دوران اے ٹی آر طیارے میں فنی خرابی کا یہ دوسرا موقع ہے۔