ای سی ایل سے نام نکالنے کے لئے شہباز شریف کی درخواست، نیب، کابینہ ڈویژن کے جواب جمع
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ میں شہبازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر کابینہ ڈویژن اور نیب نے جواب جمع کرا دیا۔ نیب نے جواب میں کہا ہے شہبازشریف کے ایک بیٹے سلمان شہباز جواب دیئے بغیر ملک سے چلے گئے۔ شہبازشریف کی فیملی کے عدم تعاون سے تفتیش میں مشکلات درپیش ہیں۔ جسٹس شہزاد احمد خان اور جسٹس وقاص روف مرزا پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ نیب نے مزید کہا ہے کہ نام نکالنے کی استدعا انصاف کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے جواب داخل کراتے ہوئے کہا گیا کہ نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا معاملہ وزارت داخلہ سے متعلق ہے۔ عدالت نے مزید سماعت انیس مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے وکلا سے جواب طلب کر لیا۔