قرارداد مقاصد پاکستان کو فلاحی مملکت بنانے کیلئے راہ عمل کی نشان دہی کرتی ہے: مقررین
لاہور (کلچرل رپورٹر)قرارداد مقاصد پاکستان کو ایک جدید اسلامی‘ جمہوری اور فلاحی مملکت بنانے کیلئے راہ عمل کی نشان دہی کرتی ہے۔ یہ قراردادپاکستانی قوم کی ملی امنگوں کی ترجمان اور قائداعظمؒ، علامہ محمد اقبالؒ ، کارکنان تحریک پاکستان کے نظریات و تصورات کی آئینہ دار ہے۔ قرارداد مقاصد ان رہنما اصولوں پر مشتمل ہے جن پر پاکستان کے آئین کی بنیاد رکھی جانی تھی ۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان‘ لاہور میںمنعقدہ فکری نشست بعنوان ’’قراردادِ مقاصدکا پس منظر اور اہمیت‘‘ کے دوران کیا ۔ اس نشست کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ نشست کی صدارت سابق جج لاہور ہائیکورٹ جسٹس(ر) میاں نذیر اختر نے کی جبکہ کلیدی مقرر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی ندیم تھے۔ اس موقع پر کرنل(ر) عبدالرزاق بگتی، نواب برکات محمود ،انعام الرحمن گیلانی، اساتذۂ کرام اور طلباسمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے۔جسٹس(ر) میاں نذیر اختر نے کہا کہ قرارداد مقاصد ہمارے وژن، خیالات و نظریات کو واضح کرتی ہے۔ یہ قرارداد ہمیں قیام پاکستان کے مقاصد سے آگاہ اور ہماری منزل کا رخ بتاتی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد علی ندیم نے کہا 12مارچ 1949ء کادن بھی ہماری قومی تاریخ میں بہت اہمیت کا حامل ہے۔ آخر میں ملکی تعمیر وترقی اور استحکام کیلئے دعا کروائی گئی۔