نواز‘ بلاول ملاقات کا مقصد سیاسی ‘دونوں ایک دوسرے کی آواز ہیں:جواد احمد
لاہور(کلچرل رپورٹر)چیئرمین برابری پارٹی پاکستان جواد احمد نے کہا ہے کہ نواز، بلاول ملاقات کا مقصد سیاسی تھا کیونکہ دونوں ایک دوسرے کی آواز ہیں، بھٹو کے نواسے کی ضیاء الحق کے منہ بولے بیٹے سے ملاقات ہوئی ہے جس میں میثاق جمہوریت پر نظر ثانی پر بھی بات ہوئی ان کا کہنا تھا کہ دونوں سیاسی جماعتوں نے 20سال سے عوام کو بے وقوف بنا رکھا ہے انھوں نے اپنے اقتدار کے دوران مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور بے روزگاری میں اضافہ کیااور اب تحریک انصاف کی حکومت بھی ان کے نقش قدم پر چل رہی ہے۔ ان باتوں کا اظہار انھوں نے پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو قیادت سے پارٹی سیکرٹیریٹ میں جاری ملاقات میں کیا ان کا اس موقع پر کہنا تھا ملک میں 2019 کے دوران مہنگائی کا پانچ سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیاہے جس کی بنیادی وجہ روپے کی قدر میں کمی اورمکانات کے کرایوں، پانی و بجلی گیس کے نرخوں میں اضافے نے بھی اہم کردار ادا کیاہے۔فروری کے مہینے میں افراط زر کی شرح 56 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جب کہ زرعی پیداوار میں کمی بھی کھانے پینے کی اشیا کی قیمت میں اضافہ کا سبب بنے گی اس موقع پر انھوں نے جریدے دی اکانومسٹ کے اکانومک انٹیلی جنس رپورٹ کو بھی لمحہ فکریہ قرار دیا جس کے مطابق کہا گیا ہے کہ گیس اور بجلی کی اضافی قیمتیں بھی مزید مہنگائی کا سبب ہوں گی اور ساتھ ہی زرعی پیداوار کم ہونے سے بھی مہنگائی بڑھے گی۔