ٹھیکوں میں شفافیت کیلئے ای ٹینڈرنگ متعارف کرائیں گے: عثمان بزدار
لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ائیر آفیسر کمانڈنگ سنٹرل ائیر کمانڈ پاکستان ائیر فورس، ائیروائس مارشل عرفان احمد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے پیشہ ورانہ امور پر مہارت، فضائی سرحدوںکی حفاظت اور دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے پر پاک فضائیہ کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور پاک فضائیہ کے جانبازوں کی شجاعت اور بہادری کی تعریف کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ارض پاک کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کر نے والے پاکستان ائیر فورس کے بہادر شاہینوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ سکواڈرن لیڈر حسن صدیقی اور ونگ کمانڈر نعمان خان پاکستانی قوم کا فخر ہیں۔ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے اندھیرے میں بھارتی دراندازی کے برعکس دن کی روشنی میں دشمن کے دانت کھٹے کئے اور بھارت کو باور کروا دیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دفاع وطن کے ہمہ وقت تیار ہیں اور وطن کی حفاظت پر مامور پاکستان کے بہادر سپوت ہمارے ہیرو ہیں۔ مسلح افواج وطن کے چپے چپے کا دفاع کرنے کی مکمل اور بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور ملکی سا لمیت اور وطن کے دفاع کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مادر وطن کے وقار ، سلامتی اور خود مختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس پنجاب حکومت کی جانب سے مختلف نوعیت کے کاموں کیلئے ٹھیکوں میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے ای ٹینڈرنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرکاری محکموں میں ای ٹینڈرنگ سسٹم جلد متعارف کرادیا جائے گا اور ای ٹینڈرنگ سسٹم مرحلہ وار پروگرام کے تحت محکموں میں نافذ کیا جائے گا۔ ای ٹینڈرنگ سسٹم کے ذریعے سرکاری ٹھیکے ایوارڈ کرنے میں شفافیت آئے گی اور بدعنوانی کا خاتمہ ہوگا اور ای ٹینڈرنگ سسٹم متعارف ہونے سے قومی وسائل عوام پر خرچ ہوں گے۔ حکومت ہر سطح پر شفافیت لا رہی ہے اور ہمارے اس اقدام سے ٹھیکوں میں قومی وسائل کی خوردبرد ختم ہوگی اور نئے مالی سال سے تمام محکمے مکمل طورپر ای ٹینڈرنگ سسٹم کے تحت ٹھیکے دینے کے پابند ہوں گے۔ دیہی آبادی کو سہولت دینے کیلئے ’’نیا پاکستان، منزلیں آسان‘‘ کے تحت دیہات میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی کے برعکس پسماندہ اضلا ع میں سڑکوں کی تعمیرکیلئے تین گنا زیادہ ترقیاتی فنڈز مختص کئے جارہے ہیں اور ہر ضلع کے دیہات میں آبادی کے تناسب سے مساوی ترقیاتی فنڈ فراہم کریںگے۔ سڑکوں کی تعمیر ومرمت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ہو گی اور ابتدائی طورپر صوبہ بھر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سڑکوں کی تعمیر کے 11منصوبوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔ عثمان بزدار کی زیرصدارت کا اجلاس میں مجوزہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے قیام کیلئے سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے مجوزہ اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے جامع سفارشات مرتب کرنے کیلئے اعلی اختیارتی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ عثمان بزدار کو پنجاب منرل کمپنی کے بارے میں بریفنگ دی گئی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں معدنیات دریافت کرنے کا بے پناہ پوٹینشل موجود ہے۔