اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 2 ارب کے رمضان پیکج کی منظوری دیدی
اسلام آباد (این این آئی) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رمضان پیکج 2019ء کی منظوری دیدی ہے۔ منگل کو وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں 8 نکاتی ایجنڈا پر فیصلے کئے گئے۔ اجلاس کے دوران اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رمضان پیکج 2019کی منظوری دیدی ہے۔ محکمہ ڈاکخانہ کو مالی بحران سے نکالنے کیلئے اندرون ملک ڈاک کے نئے نرخ مقرر کرنے کی سمری منظور کرلی گئی۔ وزارت صنعت و پیداوار کی طرف سے 2 ارب روپے مالیت کا رمضان ریلیف پیکیج عوام کیلئے پیش کیا گیا تھا۔ پاکستان سٹیل مل کے وفات پا جانے والے ملازمین کے ورثاء کو اکتوبر تا دسمبر 2018 تنخواہ، گریجویٹی اور پراویڈنٹ فنڈ کی ادائیگی کیلئے گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دیدی گئی۔ وزارت آبی وسائل کی طرف سے ملک میں بڑے ڈیموں اور آبپاشی کے زیر تعمیر منصوبوں پر بریفنگ دی گئی ۔اجلاس میں سرکاری کمپنی نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کے بجٹ کی منظوری دیدی گئی ،این ٹی سی کا بجٹ اب وفاقی کابینہ کے روبرو پیش کیا جائیگا ۔اجلاس میں ٹیکسٹائل ڈویڑن کو ایک کروڑ 70 لاکھ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ جاری کرنے کی منظوری بھی دیدی گئی ۔پاکستان ٹیکسٹائل سٹی کے واجبات کی ادائیگی پر غور کیا گیا ۔وزارت خزانہ کو قومی مالی شمولیت پروگرام کیلئے ساڑھے 7 کروڑ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ دینے کی بھی منظوری دیدی گئی۔چیئر مین یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن ذوالقرنین علی خان نے کہا ہے کہ ماہ رمضان میں 19مختلف اشیاء پر پچاس روپے فی کلو سبسڈی دی جائیگی، یوٹیلیٹی سٹور پر ناقص اشیائے فروخت کرنے کی شکایت آ رہی ہیں، غریب اور خصوصی افراد کیلئے کارڈز جاری کئے جائیں گے، ایک لاکھ راشن بیگ بلوچستان بھر میں تقسیم کئے جائیں گے، 1600افسران کے خلاف نیب میں کیسز ہیں۔