شاہ محمود نے دہشتگردوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائیوں کا یقین دلا دیا: مشیر امریکی سلامتی
واشنگٹن(این این آئی) امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے کہاہے کہ پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے انہیں یقین دلایا ہے کہ پاکستان تمام دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کرے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز اپنے ٹوئیٹرپر جاری ایک بیان میں کہا انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس کے دوران خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور بھارت کشیدگی اور اس کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ سے بات چیت کے بعد جان بولٹن نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ پاکستان کی جانب سے جیش محمد سمیت دیگر دہشت گرد گروپوں کے خلاف اقدامات کو سراہا ہے، پاکستان بھارت سے کشیدگی میں کمی کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔امریکی قومی سلامتی کے مشیر نے کہا شاہ محمود قریشی نے انہیں یقین دلایا کہ پاکستان کی جانب سے تمام دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔