بلاول بھٹو نے نوازشریف کی سیاسی تیمار داری کی : صمصام بخاری
لاہور (کلچرل رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) وزیراطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے بلاول ، نواز شریف ملاقات پر بیان میں کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے نواز شریف کی سیاسی تیمارداری کی نواز شریف کی بیماری عدالتی فیصلوں پر اثر انداز نہیں ہو سکتی، مسلم لیگ ن نواز شریف کی بیماری پر سیاست کر رہی ہے اعتزاز احسن نے بھی علالت پر مسلم لیگ ن کی سیاست کی تصدیق کی ہے حکومت نواز شریف کی بیماری پر کوئی سیاسی عزائم نہیں رکھتی۔ پی ٹی آئی حکومت پاکستان میں نوازشریف کو علاج معالجہ کی ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔عدالتوں کو علم ہے کہ پاکستان میں ہر قسم کی بیماری کے علاج کے لیے مطلوبہ سہولیات سے آراستہ ہسپتال موجود ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نوازشریف پر فرد جرم عائد ہو چکی ہے اس لیے ان کی قسمت کافیصلہ سپریم کورٹ ہی کرے گی اس میں حکومت کا کوئی کردار نہیں۔(ن) لیگ نوازشریف کی علالت پر سیاست کر رہی ہے جس کی تصدیق پیپلز پارٹی کی رہنما اعتراز احسن کے بیان سے بھی بخوبی ہو تی ہے۔ چوہدری اعتزاز احسن کے بیان نے حقیقتِ حال کھول کررکھ دی ہے۔ بلاول بھٹو کو بھی باور ہونا چاہیے کہ نوازشریف کی بیماری کے معاملے پر ان کے اپنے پارٹی رہنما اعتزاز احسن کیا سوچ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ساری صورتحال میں یہ حقیقت اظہرمن الشمس ہے کہ موجودہ حکومت نوازشریف کی بیماری پر کسی قسم کے کوئی سیاسی عزائم نہیں رکھتی اور آخری فیصلہ عدالت کا ہی ہو گا۔