کلر سیدا ں کی مضافاتی بستیوں پر پراپرٹی ٹیکس کا نفاذ ناقابل قبول
کلر سیداں(نامہ نگار )کلر سیداں کے عوامی حلقوں نے کلر سیداں شہر کے علاوہ درجنوں مضافاتی بستیوں پر پراپرٹی ٹیکس کے نفاذ پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوامی مفادات کے منافی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں بھی کلر سیداں میں اس ٹیکس کے نفاذ کی کوشش کی گئی تھی جو سابق وفاقی وزیر چوہدری نثار علی خان کی مداخلت پر ناکام بنا دی گئی تھی مگر اب موجود حکومت میں محکمہ ایکسائز نے کلر سیداں میں اس کا نفاذ کر دیا ہے اور اس میں کلر سیداں شہر کے علاوہ میلوں دور کے وہ پسماندہ علاقے بھی شامل ہیں جنہیں کوئی بھی بنیادی سہولت میسر نہیں اور انہیں بھی بلدیہ کلر سیداں کی حدود میں ہونے کی سزا دی گئی ہے ۔محکمہ ایکسائز نے سروے مکمل کرنے کے بعد لوگوں کو چھ چھ ماہ کے بھی لاکھوں روپے کے واجبات جمع کرانے کا نوٹس دیا ہے شہریوں نے اس صورتحال پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے کلر سیداں کے خلاف سازش قرار دیا اور کہا کہ پراپرٹی ٹیکس کو کہوٹہ اور کوٹلی ستیاں کو نظر انداز کر کے کلر سیداں پر اس کا نفاذ گہری سازش ہے جس کے خلاف شہری ہر ممکن راست اقدام کریں گے ۔انہوں نے کلر سیداں کے ارکان اسمبلی سے عوامی مفاد کے منافی اس اقدام کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔