یوفون بلوچستان فٹبال کپ کے تیسرے ایڈیشن کے میچز شہروں کی سطح پر جاری
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر) بلوچستان میں یوفون بلوچستان فٹبال کپ کے تیسرے ایڈیشن کے میچز شہروں کی سطح پر جاری ہیں۔ نوشکی اور لورالائی میں کوالیفائرز اور ایلی منیٹرز کا پہلا راؤنڈ اختتام پذیر ہوگیا ہے۔ نوشکی میں شہید بالاچ ایف سی نے شہر کی سطح پر مقابلے میں ڈی ایف اے ایف سی کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔ لورالائی کی باچا خان ایف سی نے صفر کے مقابلے میں 2 گول سے بی آر سی کالج لورالائی کو یک طرفہ مقابلے میں شکست دے کر سپر 8 مرحلے میں رسائی حاصل کرلی۔شہید بالاچ ایف سی اور باچا خان ایف سی ٹیمیں سپر 8 مرحلے میں رسائی حاصل کرنے والی پہلی دو ٹیمیں ہیں جو 26 مارچ کو کوئٹہ میں کھیلیں گی۔