جنرل ہسپتال میں ینگ ڈاکٹروں کیلئے سرجیکل سکل لیب کا افتتاح
لاہور (پ ر )جنرل ہسپتال میں نوجوان ڈاکٹروں کیلئے سرجیکل سکل لیب قائم کر دی گئی تاکہ وہ اپنی پیشہ وارانہ مہارت میں عبور حاصل کر سکیں۔ سرجیکل یونٹ3میں بنائی جانے والی جدید لیب کا پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر محمد طیب نے افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ اس لیب میں ڈاکٹروں کو لیپرو اور اینڈو سکوپک سرجری و دیگر پروسیجرز کے بارے میں تربیت فراہم کی جائے گی۔پروفیسر فاروق افضل ، ڈاکٹر آمنہ جاوید، ڈاکٹر شبیر چوہدری، ڈاکٹر احمد نعیم ، ڈاکٹر فلک شیر، ڈاکٹر فرمان علی اور ڈاکٹر محمد احمد سمیت ڈاکٹرز بڑی تعداد میں اس موقع پر موجود تھے۔ پروفیسر محمد طیب نے کہا کہ میڈیکل سائنس دن بدن ترقی کر رہی ہے۔ لیپرو اوراینڈوسکوپک سرجری سے مریض کو زیادہ دیر ہسپتال میں قیام نہیں کرنا پڑتا۔ ڈاکٹرز اپنے علم میں اضافہ کیلئے ہر ممکن کوشش کریں۔ پروفیسر طیب نے کہا کہ پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ دنیاکا وہ طبی ادارہ ہے جہاں کم فیس کے بدلے پاکستان سمیت دیگر ملکوں سے بھی ڈاکٹروں کو طب کے مختلف شعبوں میں سپیشلائزیشن کی تعلیم سے ہمکنار کر رہے ہیں۔