حویلیاں تھاکوٹ موٹروے پر 75 فیصد کام مکمل ہوگیا،چیئرمین این ایچ اے
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پارلیمنٹ کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کی دو ذیلی کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوئے جن علی الترتیب وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اور مواصلات کے آڈٹ پیراز زیر غورآئے وفاقی وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے 50کے قریب آڈٹ پیراز کا ریکارڈ غائب ہو نے کا انکشاف ہوا ، سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکورٹی نے کمیٹی کو بتایا کہ ہمیں وقت دیا جائے، ہم ایک مرتبہ پھر کوشش کرتے ہیں کہ پیراز کا ریکارڈ مل جائے،جب محکمے ختم ہوئے تھے تو سنا ہے کہ فائلیں کھڑکیوں سے پھینک دی گئیں ہیں، جگہیں خالی کرنے کے لیئے بھی ریکارڈ کو ضائع کیا گیا، کمیٹی نے ریکارڈ ڈھونڈنے کے لئے وزارت کو تین ماہ کا وقت دے دیا ۔پارلیمنٹ کی پبلک اکائونٹس کمیٹی دوسری ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں بھی حویلیاں ،تھاکوٹ سیکشن کا کنٹریکٹ پی سی ون سے 59 فیصد زیادہ ریٹس پر دیئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ،کمیٹی نے معاملے پر محکمانہ اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے 15 دن میں رپورٹ طلب کر لی ہے ،کمیٹی نے این ایچ اے کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے ،اور تمام اداروں کو ملنے والی سپلیمنٹری گرانٹس پارلیمنٹ کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی،چیئرمین این ایچ اے نے کمیٹی کو بتایا کہ حویلیاں تھاکوٹ سیکشن پر 75 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ،جبکہ اس سیکشن کے مکمل ہونے کی مدت فروری 2020 ہے ،لیکن عوام کی سہولت کے لیئے حویلیاں،مانسہرہ سیکشن جون میں کھول دیا جائے گا۔