ڈیلی ویجزوکنٹریکٹ ملازمین کے مقدمات کی سماعت آج ہو گی
اسلام آبا( خصوصی رپورٹر)وفاقی محکموں کے ڈیلی ویجزوکنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی سے متعلق مقدمات کی سماعت آج(بدھ کو) سپریم کورٹ میں ہو گی،جسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ کے فیصلے کے خلاف اپیلوں پر سماعت کرے گا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے 2018میں نگران حکومت کے دوران ملازمین کی درخواستوں پر فیصلہ دیتے ہوئے ملازمین کو مستقل کرنے کی ہدایت کی جبکہ کابینہ کی خصوصی کمیٹی کی سفارشات پر نوٹیفکیشن کے باوجود جوائننگ نہ دینے والے ملازمین کو تین ماہ میں جوائننگ دینے کی ہدایت کی،گریڈ ایک سے پندرہ کے ملازمین کو کابینہ کی منظوری جبکہ باقی گریڈ سولہ سے زائد ملازمین کو ایف پی ایس سی بھجوانے کا حکم دیا تھا،مختلف محکموں نے عدالتی فیصلہ پر اپیل دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کر رکھا ہے کہ ڈویژن بینچ کے فیصلہ میں تشریح کی جائے جبکہ کچھ ملازمین نے اپنی اپیلوں میں کہا ہے کہ امتیازی سلوک کی بجائے انہیں بھی فوری مستقل کرنے کے احکامات دئیے جائیں۔ وفاقی محکموں کے ایک لاکھ سے زائد ملازمین کو مستقل کیا گیا تاہم ن لیگ دور حکومت میں ان ملازمین کو جوائننگ دی گئی نہ ہی مستقل کرنے کے کوئی اقدامات کئے گئے جبکہ تحریک انصاف نے اپوزیشن میں ہوتے ہوئے ان ملازمین کو مستقل کرنے کے وعدے کیے تھے۔