نواز، بلاول لوٹ مار کیلئے آرٹیکل 63,62 سے چھٹکارا چاہتے ہیں: تحریک انصاف
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات عمر چیمہ نے کہا ہے کہ بلاول اور نواز آئین کے آرٹیکل 62,63 سے چھٹکارا چاہتے ہیں دونوں چاہتے ہیں 62,63 کو آئین سے نکالا جائے تاکہ لوٹ مار کی چھوٹ ہو۔ اکانومسٹ کی جس رپورٹ سے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہا ہے وہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے منہ پر طمانچہ ہے پیپلز پارٹی نے نواز شریف کے ساتھ مل کر چارٹر آف ڈکیتی بنایا اور باری باری قوم کو لوٹا۔ اب بھی احتساب کا امکان نظر آیا تو پھر دونوں اکٹھے ہو گئے۔ دونوں جماعتیں آج بھی لوٹ مار بچانے کیلئے بغل گیر ہو رہی ہیں۔ جمہوریت میں انہیں کل دلچسپی تھی نہ آج کوئی لگاؤ ہے۔ آج عدالتیں ان کیلئے عام معافی کا اعلان کر دیں تو جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں رہے گا۔ احتساب سے بچنے کیلئے لگایا جانے والا کوئی سیاسی تماشا کارگر ثابت نہیں ہوگا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ نوازشریف کی جو بھی طبی ضروریات ہیں وہ پاکستان میں پوری ہوسکتی ہیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول کی نوازشریف سے ملاقات عیادت کے لیے نہیں بلکہ سیاسی ملاقات تھی اور سیاسی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، یہ لوگ کافی حد تک ایک دوسرے سے تعاون بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور بلاول سیاسی طور پر ایک ہی جگہ نظر آئے، نوازشریف کی علالت علیحدہ مسئلہ ہے اور پیپلزپارٹی کی سیاست علیحدہ ہے، دونوں جماعتوں نے دس سال میں ملکی معیشت کو تباہ کیا، دونوں جماعتوں کے قائدین پر نیب کے کیسز پر ہمارا کوئی کنٹرول نہیں ہے، صحت کو سیاسی طور پر اجاگر کرنے کی کوشش افسوسناک ہے۔ بلاول نے بھی اپنی تقریر میں ذاتی حملے کیے ہیں۔ غربت کے خاتمے کے حوالے سے نئی وزارت بنائیں گے، اس سال کے آخر تک نیا بلدیاتی نظام لارہے ہیں جس کے تحت تحصیل کی سطح پر اختیارات دیں گے۔