گلو بٹ مائنڈ سیٹ جمہوریت کے لئےنقصان دہ ہے,شہباز شریف نے ٹیکس کا پیسہ ذاتی تشہیر کیلئے استعمال کیا:عمران خان
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ گلو بٹ مائنڈ سیٹ جمہوریت کے لئے نقصان دہ ہے‘ شہباز شریف نے ٹیکس کا پیسہ ذاتی تشہیر کیلئے استعمال کیا‘ کے پی کے حکومت کے اشتہارات کی تحقیقات کا خیر مقدم کرتے ہیں‘ حامد الحق پر وزیراعظم کے بیٹے اور باڈی گارڈ کے حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ منگل کو عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ شہباز شریف نے ٹیکس کا پیسہ ذاتی تشہیر کے لئے استعمال کیا۔ شہباز شریف کو ٹیکس کا پیسہ واپس کرنے کا حکم سراہتے ہیں۔ کہیں بھی ٹیکس کا پیسہ ذاتی تشہیر پر استعمال نہیں ہوتا۔ کے پی کے حکومت کے اشتہارات کی تحقیقات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ پالیسی میں وزیراعلیٰ یا کسی وزیر کی اشتہار میں تصویر کی اجازت نہیں۔ پانچ سال میں کے پی حکومت نے صرف 1.6 ارب خرچ کئے شہباز شریف نے اپنی تصویر والے اشتہارات پر بہت زیادہ خرچ کیا۔ حامد الحق پر وزیراعظم کے بیٹے اور باڈی گارڈ کے حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ گلو بٹ مائنڈ سیٹ پی ایم ایل این میں سرایت کرچکا ہے جو جمہوریت کے لئے نقصان دہ ہے۔ (ن غ)