صارفین کے حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے: چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی
لاہور( کامرس رپورٹر)چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے صارفین کی شکایات پر جوہر ٹائون میں واقع بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز، نیشنل اور ملٹی نیشنل فوڈ چینز کا دورہ کر کے معمول کی قیمتوں کی بجائے کئی گنا زائد اوور چارجنگ کرنے پر مجموعی طور پر لاکھوں روپے جرمانے ،دو کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج جبکہ متعدد کو وارننگ نوٹسز جاری کر دئیے ۔ چیئرمین پی سی سی میاں عثمان نے انتظامیہ کے ہمراہ جوہر ٹائون میں بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز ، نیشنل اور ملٹی نیشنل فوڈ چینز کا تفصیلی دورہ کیا جہاں کئی مقامات پر صارفین سے کئی گنا زائد قیمتیں وصول کی جارہی تھیں ۔ ٹیم نے ڈیپارٹمنٹل سٹورز میں سبزیوں، پھلوں اور اشیائے خوردونوش کے معیار کا بھی جائزہ لیا ۔ متعدد سٹورز اور فوڈ چینز کو مجموعی طو رپر لاکھوں روپے جرمانے ،دو کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج جبکہ وارننگ نوٹسز بھی جاری کئے گئے ۔میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی سی میاں عثمان نے کہا کہ صارفین کی جانب سے مسلسل شکایات پر اچانک دورہ کیا گیا اوریہ دیکھ حیرانی ہوئی کہ معمول کی قیمتوں سے کئی گنا زائد قیمتیں وصول کی جارہی تھیں ۔ ہم نے پوش علاقوں سے خریداری کرنے والے صارفین کے حقوق کا بھی تحفظ کرنا ہے اور آج کا دورہ اسی سلسلے کی کڑی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ جن سٹورز اور فوڈ چینز کو وارننگ نوٹسز جاری کئے گئے ہیں انہیں دوبارہ چیک کیا جائے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں انہیں بھی بلا تفریق جرمانے اور سزائیں دی جائیں گی ۔