دور جدید میں ٹیلی کمیونی کیشن کی سہولت کاروباری ترقی کیلئے ناگزیر ہے: خواجہ خاور رشید
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر خواجہ خاور رشید نے کہا ہے کہ دور جدید میں ٹیلی کمیونیکیشن کاروبار ی ترقی کے لیے ناگزیر ہوچکا ہے کیونکہ اس کے ذریعے مقامی و غیرملکی کلائنٹس تک پہنچنے میں مدد ملتی ہے، تاجروں کو کمیونیکیشن کی جدید تکنیکوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے ان خیالات لاہور چیمبر اور پاکستان موبائل کمیونیکیشن لمیٹڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان موبائل کمیونیکیشن کے ریجنل مینیجر شوکت علی میو اور لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبر نعیم حنیف بھی اس موقع پر موجود تھے۔خواجہ خاور رشید نے کہا یہ اچھا شگون ہے کہ پاکستان میں کمیونیکیشن سیکٹر ترقی کررہا ہے لیکن ترقی یافتہ ممالک کے ہم پلہ آنے کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔