آئندہ انتخابات میں عوام مسلم لیگ ن کو ووٹ کی طاقت سے منتخب کرینگے: شیخ علاؤالدین
لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیرصنعت و تجارت و انویسٹمنٹ شیخ علائوالدین نے کارک میں آئل اینڈ گیس پاور پلانٹ کے افتتاح پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت سابق وزیر اعظم نواز شریف کے وژن کے مطابق ملک کو ترقی کے راستے پر گامزن رکھے ہوئے ہے اور وفاقی حکومت نے اس منصوبہ کیلئے خیبر پختونخواہ حکومت کو 42 بلین روپے تیل اور گیس کی رائلٹی کی مد میں ادا کیا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ جب پاکستان مسلم لیگ (ن) 2013 میں اقتدار میں آئی تو ملک میں گیس کی پیداوار 1000 ٹن تک تھی اور اب پیداوار 1800 ٹن تک پہنچ چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان بھر کی صنعت ایل پی جی اور تیل کی زیادہ دستیابی کی وجہ سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے جبکہ ماضی میں ملک بھر میں 16 گھنٹے طویل عرصے کی لوڈ شیڈنگ کے باعث انڈسٹری بری طرح متاثر ہورہی تھی اور کئی فیکٹری مالکان پریشان حال تھے۔ صوبائی و زیر نے امید ظاہر کی کہ 2018 کے عام انتخابات میں بھی تمام پاکستانی قوم مسلم لیگ (ن )کو اپنے ووٹ کی طاقت سے دوبارہ منتخب کرے گی تاکہ ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رہے۔