فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، مضر صحت نمکو بنانے والی فیکٹری سیل
لاہور(نیوزرپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیم نے گجومتہ میں بچوں کی اشیاء خوردونوش بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا اورنمکو بنانے والی معروف فیکٹری کے پروڈکشن یونٹ کو سیل کر دیا۔تفصیلات کے مطابق کاروائی میں نمکو بنانے میں چنے کی دال کی جگہ گھوڑوں کو کھلائی جانے والی مٹری دال استعمال کی جا رہی تھی جبکہ نمکو فرائی کرنے کے لیے استعمال شدہ تیل استعمال کیا جا رہا تھا۔ فیکٹری سے ہزاروں کلو تیار نمکو، خام مال، سینکڑوں لیٹر ناقص تیل برآمد کر لیا گیا۔اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کا کہنا تھا کہ ناقص دال اور تیل سے تیار کردہ نمکو کھانے سے بچوں، بڑوں کی صحت متاثر ہوتی ہے۔ ناقص تیل سے تیار کردہ اشیاء خوردونوش کا استعمال معدے اور انتڑیوں کی بیماریوں کا باعث بنتی ہیں۔