توانائی منصوبے مکمل کر کے اندھیروں کو شکست دی‘ الیکشن جیت کر ترقی کا سفر مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا ہر دور حکومت عوام کی بے لوث خدمت سے عبارت ہے۔ ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر ڈالنے کا سہرا مسلم لیگ (ن) کے سر ہے۔ اندھروں میں ڈوبے پاکستان کو روشن بنانے کا تاریخی کارنامہ بھی مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے سرانجام دیا۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے مکمل کردہ میگا پراجیکٹس سے عوام کی بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے۔ تعلیم‘ صحت‘ زراعت‘ انفراسفرکچر اور دیگر شعبوں کی ترقی کیلئے اقدامات کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ توانائی بحران کاخاتمہ کیا گیا ہے جس سے ملک میں صنعتکاری کے عمل کو فروغ ملا ہے۔ صنعتکاری اور سرمایہ کاری کے فروغ سے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا کئے گئے ہیں۔ ہمارا ہر قدم ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے اُٹھ رہا ہے۔ اندھروں کو پاکستان کا مقدر نہیں بننے دیا بلکہ توانائی کے منصوبے مکمل کرکے اندھیروں کو شکست دی ہے۔ پُرامن‘ مستحکم اور روشن پاکستان کی منزل کے حصول کیلئے دن رات ایک کر رکھا ہے۔ ملک کی ترقی کیلئے امانت‘ دیانت اور محنت سے کام کرنا ہوگا اور معاشرے کے ہر طبقے کو ملک کی ترقی کے سفر میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔ زندہ قومیں مشکلات سے نہیں گھبراتیں بلکہ جوانمری سے ان کا مقابلہ کرتی ہیں۔ہم سب کو باہمی اختلافات بھلا کر ترقی کے سفر میں شامل ہونا ہوگا۔ آج کا پاکستان اس پاکستان سے کہیں بہتر ہے جو مسلم لیگ (ن) کو 2013ء میں ورثے میں ملا تھا۔ مخالفین کی رکاوٹوں کی پروا کئے بغیر ترقی کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھایا ہے۔ عمران نیازی کے دھرنوں اور لاک ڈائونوں سے ضائع ہونے والے وقت کی محنت سے تلافی کی ہے۔ دھرنا گروپ نے عوام کی مشکلات اور مسائل بڑھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ زرداری اور عمران نیازی کا گٹھ جوڑ اس بات کا ثبوت ہے کہ انہیںعوام کی ترقی اور مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ باشعور عوام ترقی مخالفین کے اس گٹھ جوڑ کو اپنے ووٹ کی طاقت سے دفن کر دیں گے۔ مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے ترقی اورخوشحالی کے سفر کو تیز رفتاری سے آگے بڑھائے گی۔ شہبازشریف نے چینی صدر کے عہدے کی مدت تاحیات مقرر ہونے پر چین کے صدر شی جن پنگ کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ نیشنل پیپلز کانگریس کی جانب سے صدارت کے منصب پر فائزرہنے کی مدت کی آئینی ترمیم کی بھاری اکثریت سے منظوری خوش آئند ہے۔ آج چین کی ترقی و خوشحالی اقوام عالم کیلئے رول ماڈل بن چکی ہے اور اس بات کا کریڈٹ چین کے صدر شی جن پنگ کو جاتا ہے۔