پنجاب کی ترقی مخالفین کو ہضم نہیں ہو رہی،ہمارا منشور عوام کی خدمت ہے ،حمزہ شہباز
مدینہ منورہ (جاوید اقبال بٹ)ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کی ترقی مخالفین کو ہضم نہیں ہو رہی،ہمارا منشور عوام اور پاکستان کی خدمت ہے ،پنجاب میں گڈ گورننس کی مثالیں دی جاتی ہیں۔اس کے برعکس سندھ اور کے پی کے میں عوام رل رہے ہیں۔آنے والے انتخابات میں شیر کی کامیابی یقینی ہے۔سینیٹ انتخابات میں درپردہ قوتوں نے اپنا کھیل کھیلا،ہم جمہوریت کے پاسدار ہیں اور جمہوری عمل کو ہی تقویت دیں گے۔سیاست میں برداشت کا عنصر غالب رہنا چاہئے۔ سیاست میں شائستگی، اخلاقیات اور اقدار کا دامن ہاتھ سے نہ جانے دینا ہمارا طرہ امتیاز ہے۔’’ نوائے وقت ‘‘سے گفتگوکرتے ہوئے کہا ہے حمزہ شہباز نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف پر جوتا اچھالنا اور خواجہ آصف پر سیاہی پھینکنا نہ صرف جمہوریت بلکہ معاشرے کے لئے بھی نقصان دہ ہے۔ملک کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کی سازشیں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ عدم برداشت ایک ناسور ہے۔جمہوریت کاحسن ہے کہ ہم دوسروں کی خدمت کریں ۔ مسلم لیگ نے جو منصوبے شروع کئے وہ عوامی فلاحی رفاعی اور تعمیر وطن کا تسلسل اور ہمارے منشور کا حصہ ہیں۔ نواز شریف نے پاکستان کی سمت اور معیشت کو مضبوط کیا ۔ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ توانائی ،صحت ،تعلیم ،مواصلات، میٹرو ،اورنج ٹرین ،سی پیک اور شاہراہوں کی تعمیر سے عوام کو سہولتیں ملیں،کاروبار کو فروغ ملا۔انہوں نے کہا آج کا کراچی ماضی کے کراچی سے یکسر بر عکس ہے دہشت گردی کا خاتمہ کر کے امن واپس لانا مسلم لیگ ن کا کارنامہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیرستان سے لے کر کراچی تک روشنی ہی روشنی ہے امن ہی امن ہے اور یہ سب نواز شریف کی حکمت عملی کا ثمر ہے۔ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہباز نے کہا انشااللہ آئندہ عام انتخابات میں کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ ملیں گے۔قوم کے دلوں سے نواز شریف کی محبت کوئی نہیں نکال سکتا۔ہمارے خلاف فیصلے کہاں سے آرہے ہیں یہ اب ڈھکی چھپی بات نہیں۔حمزہ شہباز شریف عمرہ کی ادائیگی کے لئے اب مدینہ پہنچے ہیں اس گفتگو کے دوران ان کے ہمراہ ملک اکرم اعوان ،علی اکبر ڈسکہ، ملک الہی اعوان ،جاوید اختر ڈار،سردار یاسر خلیل سدھن، فہد جاوید بٹ ،طلال جاوید بٹ اور کوآرڈینیٹر صغراں بھی تھی۔