عمران خان اور نواز شریف کیخلاف توہین عدالت کیسز کی سماعت آج ہوگی
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+نمائندہ نوائے وقت) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج منگل کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کرے گا۔ عمران خان نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کیخلاف اپنی تقاریر میں توہین آمیز الفاظ استعمال کئے تھے جس پر نصیر احمد کیانی نے عمران خان کو فریق بنائے ہوئے درخواست دائر کی ہے۔ دوسری طرف سپریم کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج ہو گی۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ کاز لسٹ کے مطابق سید محمود اختر نقوی بنام محمد نواز شریف و دیگر کے حوالے سے پانامہ لیکس 2017 ء کے فیصلے کے بعد عدلیہ مخالف تقاریر و بیانات پر توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے۔ اس حوالے سے درخواست گزار نے متفرق سات درخواستیں دائر کی ہیں جن میں نواز شریف سمیت میاں شہباز شریف‘ خواجہ سعد رفیق‘ دانیال عزیز‘ نہال ہاشمی‘ رحمان ملک‘ جاوید ہاشمی کو فریق بنایا گیا ہے۔