مسلم لیگ(ن) کے پاس سب کچھ‘ جنون نہیں‘ تکبر کا بت پاش پاش ہوگیا: شاہ محمود
ملتان (نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی کے سینئررہنما شاہ محمود قریشی نے ملتان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کارکن الیکشن میں پی ٹی آئی کی کامیابی دیکھنا چاہتے ہیں۔ پانچ برسوں میں تحریک انصاف کے ساتھ ناانصافی کی گئی۔ تحریک انصاف کے بلدیاتی نمائندوں کو فنڈز نہیں دئیے گئے۔ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہمارے پاس 12 ووٹ تھے۔ فاٹا کے آزاد سینیٹر ہونے سے تعداد 13 ہو گئی۔ ہم نے بغیر لالچ کے بلوچستان کا ساتھ دیا۔ بلوچستان کا ساتھ دینے کا مقصد مسلم لیگ ن کا راستہ روکنا تھا جو پارٹی سے منسلک اور مخلص ہے وہ اپنا گریبان جھانکے۔ انتخابی اصلاحات کمیٹی نے اتفاق پیدا کرنے کا کام کیا۔ انتخابی اصلاحات کمیٹی نے حکمرانوں کی کرپشن بے نقاب کی۔ دہشتگردی خیبر پی کے کے بعد بلوچستان میں ہے۔ مسلم لیگ ن کے پاس سب کچھ ہے لیکن پی ٹی آئی کی طرح جنون نہیں ہے۔ ٹیم اس وقت تک نہیں جیتتی جب تک ٹیم کا ہر رکن دلجمعی سے نہ کھیلے۔ ملتان سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا آج تکبر کا بت پاش پاش ہوگیا۔ ہم نے بلوچوں اور پختونوں کو یہ پیغام دیا تحریک انصاف نے ان کی لڑائی لڑی ہے۔