نگران حکومت کیلئے خیبر پی کے حکومت نے اپوزیشن جماعتوں سے رابطے مشاورت شروع کردی‘ ذرائع
پشاور(آن لائن) صوبے میں نگران حکومت کے لئے اپوزیشن جماعتوں سے صوبائی حکومت نے رابطے کر لئے ہیں صوبائی اسمبلی کی آئینی مدت اٹھائیس مئی کو پوری ہونے پر اسے تحلیل کردیا جائے گا۔ صوبائی اسمبلی اپنی ممکنہ پانچ سالہ کی مدت پوری کرنے کے بعد صوبے کی دوسری اسمبلی بن جائیگی جو کہ ممکنہ طور پر اپنی اعزازی مدت پوری کریگی ایم ایم اے کے دور میں اسمبلی کی میعاد سے چند ہفتے قبل حکومت توڑ دی گئی تھی ذمہ دار ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے نگران وزیر اعلیٰ خیبر پی کے کیلئے اپوزیشن لیڈر اور اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ کر لئے ہیں اورا ن سے باہمی مشاورت شروع کردی گئی تاہم سرکاری ذرائع اور اپوزیشن نے اس کی تصدیق نہیں کی ۔ذرائع نے بتایا ہے کہ صوبے میں سینٹ انتخابات کے باعث اپوزیشن جماعتوں سے رابطے نہیں کئے گئے تھے نگران وزیر اعلیٰ میں ریٹائرڈ ٹیکنو کریٹس ، بیوروکریٹس اور اہم سیاسی شخصیات شامل ہیں ۔ اپوزیشن لیڈروں کے ساتھ باہمی مشاورت مکمل ہونے کے بعد نگران وزیر اعلیٰ او ر نگران کابینہ کی منظوری دیدی جائیگی ۔