ہیروئن سمگل کیس، گرفتار سٹیورڈ کی ڈیوٹی لگانے والے 2افسر معطل
کراچی(آئی این پی)پی آئی اے انتظامیہ نے پیرس میں ہیروئن سمگل کرتے ہوئے گرفتار سٹیورڈ کی ڈیوٹی لگانے والے 2 افسر معطل کردیے ہیں۔ذرائع کے مطابق 2روز قبل پیرس میں پی آئی اے کے سٹیورڈ تنویر عالم کو ہیروئن سمگل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا تھا، تنویر عالم ہی کی نشان دہی پر ایک اور فلائٹ سٹیورڈ عامرمعین کو حراست میں لیا گیا ، اس وقت دونوں افراد فرانسیسی تحقیقاتی اداروں کی تحویل میں ہیں۔ پی آئی اے نے نہ صرف دونوں فلائٹ سٹیورڈز بلکہ ان کی ڈیوٹی لگانے والے 2افسروں عارف بٹ اور ہارون احمد کو بھی معطل کردیا ہے۔ جن کا تعلق پی آئی اے سروسز بیس اور فلائٹ شیڈولنگ شعبوں سے ہے۔ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ منشیات سمگلنگ کے معاملے پر تحقیقات جاری ہیں، معاملے میں جو بھی ملوث پایا جائے گا ان کو محکمانہ کارروائی کے تحت معطل کردیاجائے گا، مکمل تحقیقات ہونے کے بعد معطل ہونے والے ملازمین کو ملازمت سے برخاست بھی کیا جاسکتا ہے۔