وزیراعظم سے ڈی جی آئی اے ای اے کی ملاقات‘ تعاون کے ایشوز پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے آئی اے ای اے کے ڈی جی یوکیا امانو نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور آئی اے ای اے کے درمیان تعاون کے ایشوز پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے ایٹمی ٹیکنالوجی کے پاکستان میں پرامن استعمال کیلئے آئی اے ای اے کے مثبت کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس ایٹمی ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کا دہائیوں کا تجربہ ہے۔ پاکستان ایجنسی کے ساتھ اپنی پارٹنرشپ میں اضافہ کرنا چاہتا ہے۔ وزیراعظم نے ڈی جی کو پاکستان کے توانائی کی ترقی کے منصوبوں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے ’’توانائی مکس‘‘ میں ایٹمی توانائی کی اہمیت کو اجاگر کیا کیونکہ یہ ماحول دوست توانائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی توانائی کی پیداوار کے لئے ایجنسی کی طرف سے تعاون میں اضافہ کا منتظر ہے۔