ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے، امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا گیا، احسن اقبال
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، ماضی کی حکومتوں کے مقابلے میں موجودہ حکومت کے اقدامات کے نتیجہ میں ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے، امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ توانائی کے بحران کو بھی حل کیا گیا ہے۔ تعلیمی شعبے میں بہتری کی وجہ سے بیرون ملک سے پاکستانی ماہرین واپس آ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو بین الاقوامی سائنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت نے تعلیم کے شعبہ میں بہتری لائی ہے جس کی وجہ سے بیرون ملک مقیم پاکستانی ماہرین وطن واپس آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی و خوشحالی کے لئے سائنس و ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہو گیا ہے جبکہ دنیا صنعتی انقلاب کے چوتھے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدلتے ہوئے حالات میں جدید تقاضوں پر نہ چلنے والی قومیں پیچھے رہ جاتی ہیں۔ ہائرایجوکیشن کمیشن تعلیم کے فروغ کے لئے جدید طریقے اپنا رہا ہے۔ ٹیکنالوجی کی ترقی کو فروغ دینے کے لئے ترقی پذیر ممالک کو نوجوانوں کیلئے معیاری تعلیم میں سرمایہ کاری کرنے کے ساتھ ساتھ سائنس اور تحقیق کی تربیت کیلئے مہارت کو جاری رکھنا اور معاشرے میں وسیع پیمانے پر علم کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قدرتی عوامل کی جانب دیکھنا ہوگا۔ فزکس زمینی سائنس، میتھمیٹکس، نینو سائنسز میڈیسنز، کوسمالوجی اورآسٹرو فزکس جیسے دیگر مضامین میں ہمارے فہم میں اضافہ کرتے ہیں۔ اس شعبہ میں ترقی کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکنالوجی اور سائنس کو الگ نہیں کیا جا سکتا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی ہے کہ این پی سی فزکس کے شعبہ میں عبدالسلام انٹرنیشنل سینٹر فار تھیوریٹیکل فزکس (اے ایس ۔ آئی سی ٹی پی)، اٹلی کی جانب سے ابھرتے ہوئے اصولوں سے متعلق سینٹر آف ایکسیلنس بننے کے لئے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ نیشنل سینٹر فار فزکس عالمی معیارات کے ساتھ خطے کا ایک ابھرتا ہوا سائنسی اور تحقیقی ادارہ ہے۔