پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کیلئے اعلیٰ ترین امریکی ایوارڈ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کو ان کی پیشہ وارانہ خدمات کے اعتراف میںامریکی حکومت کی طرف سے اعلی ترین ملٹری ایوارڈ لیجن آف میرٹ جو کہ کسی بھی غیر ملکی عسکری لیڈر کو دیا جاتا ہے، سے نوازا گیا۔ اس سلسلے میں ائیر ہیڈ کواٹرز میں ایک سادہ مگر پُروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں امریکی فضائیہ کے سربراہ کی جانب سے کمانڈر یو ایس ائیر فورس سنٹرل کمانڈ، لیفٹیینٹ جنرل جیفری ایل ہیریجین نے یہ اعزاز پاک فضائیہ کے سربراہ کو عطا کیا۔ اس تقریب میں امریکی فضائیہ کے چیف آف سٹاف جنرل ڈیوڈ ایل گولڈ فین نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ ویڈیو لنک کے ذریعے گفتگو کرتے ہو ئے امریکی فضائیہ کے سربراہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ائیر چیف کے عزم اور پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں میں اضافے کے لیے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی جو خطے میں امن و استحکام کی واپسی کو ممکن بنانے میں مدد گار ثابت ہوئے۔ امریکی فضائیہ کے سربراہ نے مزید کہا کہ ذاتی طور پر ائیر چیف مارشل سہیل امان کی جانب سے کیے گئے اقدامات نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ بعدازاں امریکی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل جیفری ایل ہیریجین نے پاک فضائیہ کے سربراہ سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔