سینٹ الیکشن، ثابت ہوگیا اتفاق میں برکت ہے، شجاعت: زرداری، عمران، بزنجو کو مبارکباد
لاہور/اسلام آباد(این این آئی) (ق) لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے سینٹ میں اپوزیشن کے مشترکہ امیدواروں صادق خان سنجرانی کو چیئرمین اور سلیم مانڈوی والا کو ڈپٹی چیئرمین منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، آصف زرداری اور عمران خان کو اس جیت پر خصوصی مبارکباد دیتا ہوں، بلوچستان سے چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ملک کو مضبوط کرے گا۔ وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کو جیت کے پہلے دن میں نے کہا تھا کہ آپ صرف ہمارے وزیراعلیٰ نہیں ہیں آپ کو دیگر سیاسی جماعتوں کے لوگوں نے بھی ووٹ دئیے ہیں اور آپ نے سب کو ساتھ لے کر چلنا ہے اور آج اللہ کے فضل و کرم سے عبدالقدوس بزنجو نے چیئرمین سینٹ منتخب کرا کے اپنا وہ وعدہ پورا کردیا۔ چودھری شجاعت نے مزید کہا کہ سینٹ میں اپوزیشن کی جیت سے ثابت ہو گیا کہ اتحاد میں برکت ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ اس سے سبق سیکھیں اور آئندہ بھی قومی مفادات کو ذاتی مفادات پر ترجیح دیں، باہمی مشورہ سے اہم معاملات پر متفقہ مؤقف اختیار کرنے کو اہمیت دیں۔