اسحاق ڈار ریفرنس‘ نامزد ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی
اسلام آباد (نامہ نگار) احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ضمنی ریفرنس میں نامزد تین ملزمان پر فردجرم عائد کرنے کی کارروائی موخر کر دی ہے۔عدالت دو ملزمان کی جانب سے غیر واضح دستاویزات کے باعث فرد جرم عائد نہ کرنے کی استدعا مستردکردی ہے جبکہ تیسرے ملزم سعید احمد کی جانب سے ریفرنسز خارج کرنے کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کردیے ہیںدرخواست پرآج بحث کی جائے گی۔پیر کواحتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈارکے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ضمنی ریفرنس پر سماعت کی۔ عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے پیر12مارچ کی تاریخ مقرر کی تھی تاہم نامزد ملزم سعید احمد خان نے اپنے وکیل حشمت حبیب ایڈوکیٹ کے ذریعے ریفرنس خارج کرنے کی درخواست جمع کرا دی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ریفرنس کے متن کے مطابق ان کے موکل کے خلاف کیس بنتا ہی نہیں۔ سپریم کورٹ حدیبیہ پیپر ملز کیس میں اسحاق ڈار کا بیان حلفی مسترد کر چکی ہے، ضمنی ریفرنس سپریم کورٹ کے پانامہ فیصلے کی روح کے بھی منافی ہے۔ لہذانہ صرف ریفرنس خارج بلکہ غلط الزامات پر نیب کو معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا جائے۔ ملزم سعید احمد کی درخواست پر آج بحث کی جائے گی،ملزم کے وکیل حشمت حبیب درخواست کے حق میں اور نیب کے وکیل مخالفت میں دلائل دیں گے۔