خواجہ سرائوں کا ٹریفک پولیس کیخلاف پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ
لاہور(آئی این پی+ آن لائن) خواجہ سرائوں نے ٹریفک پولیس کے خلاف پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور خواجہ سرائوں کی غیر قانونی گرفتاریوں کے خلاف نعرے بازی کی۔ خواجہ سرائوں نے الزام لگایا ٹریفک پولیس کے اہلکار بھیک مانگنے والے خواجہ سرائوں سے بھتہ وصول کرتے ہیں۔ حکومت خواجہ سرائوں کے ساتھ امتیازی سلوک بند کرے۔ خواجہ سرا سول سوسائٹی کی صدر نیلی رانا نے کہا خواجہ سرا شناخت ملنے کے باوجود بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ خواجہ سرائوں کی سرکاری نوکریوں کیلئے کوٹہ دیا جائے معذور اور مینارٹی کیلئے کوٹہ رکھا جا سکتا ہے تو خواجہ سرائوں کیلئے بھی کوٹہ مختص کیا جائے۔محکمہ سوشل ویلفیئر اپنے معاہدوں پر پورا اترے۔ حکومت نے ہمارے مسائل کو سنجیدگی سے نہ لیا تو ہم آئندہ پنجاب اسمبلی کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ لگائیں گے۔آن لائن کے مطابق خواجہ سرائوں کے ٹریفک پولیس افسران سے مذاکرات کامیاب ہو گئے، بتایا گیا ہے کہ احتجاجی خواجہ سراء 18 مارچ کو ٹریفک پولیس کے اعلیٰ افسران کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔