نیب اجلاس: خیبر پی کے بلین ٹری منصوبہ میں خوردبرد کی جانچ پڑتال کا فیصلہ
اسلام آباد( نا مہ نگار) قومی احتساب بیورو نے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے افسران کے خلاف چئرمین ایچ ای سی کی تقرری اور خیبر پختون خواہ میں بلین ٹری سونامی پراجیکٹ میں مبینہ خرد برد کی شکایات کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیاہے جبکہ چئیرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی نجی کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیزکی طرف سے عوام کی عمر بھر کی لوٹی گئی جمع پونجی کی واپسی یقینی بنانے میں قانون کے مطابق اقدامات اٹھائے جائیں ۔ قومی احتساب بیورو (نیب)کے چئیرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال کی صدارت میں ایک اجلاس نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آبادمیں منعقد ہوا ۔اجلاس میں مندرجہ ذیل فیصلے کئے گئے۔اجلاس میں سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے افسران کے خلاف ہائر ایجو کیشن کمیشن کے چئرمین مختار احمد کی مبینہ غیر قانونی تقرری کی شکایت کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا گیاہے ۔اجلاس میں خیبر پختون خواہ حکومت کی متعلقہ اتھارٹی کے خلاف بلین ٹری سونامی پراجیکٹ میں مبینہ خرد برد کی شکایت کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا گیاہے۔ اجلاس میںنیب میں جاری راولپنڈی /اسلام آباد میں غیر قانونی طور پر قائم نجی کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز کے خلاف متعلقہ اداروں ، سی ڈی اے، آر ڈی اے اور آئی سی ٹی کی طرف سے غیر قانونی طور پر قائم نجی کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز کے خلاف کاروائی خصوصاََ عوام کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی کی صورتحال اور نیب میںغیر قانونی نجی کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز کے خلاف جاری انکوائریوں اور انوسٹی گیشن پر اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔ سی ڈی اے، آر ڈی اے اور آئی سی ٹی کوہدایت کی کہ راولپنڈی /اسلام آباد میں قائم نجی اور کوآپریٹو ہائو سنگ سوسائٹیز کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کی تفصیلات اپنی ویب سائٹ پر بھی لگائیں۔ اشتہاری مہم کے ذریعے قومی خزانے کو 128ملین روپے نقصان پہنچانے کے الزام میں نیب کی تحویل میںسابق سیکرٹری آئی ٹی فاروق اعوان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیرنے اشتہاری مہم کے ذریعے قومی خزانے کو 128ملین روپے نقصان پہنچانے کے الزام میں نیب کی تحویل میںسابق سیکرٹری آئی ٹی فاروق اعوان کے کیس کی سماعت کی۔ فاروق اعوان 4روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں تھے جنہیں ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا ۔نیب پراسیکیوشن کی جانب سے ملزم کا مزیدسات روزہ ریمانڈ دینے کی استدعاکی۔ نیب پراسیکیوٹرنے کہا کہ اشتہاری مہم کی منظوری سابق وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی نے دی،فاروق اعوان کو سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کے آمنے سامنے کرانا ہے اور سرکاری ریکارڈ بھی لینا ہے، اس لیے عدالت سے استدعا کرتے ہیں کہ ملزم کا مزید سات روز کا ریمانڈ دیا جائے۔ عدالت نے دونوں طرف سے دلائل سننے کے بعد ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ واضح رہے کہ نیب راولپنڈی نے اختیارات کے ناجائز استعمال کرتے ہوئے میڈاس کو غیرقانونی طریقے سے مالی فائدہ دینے اور بدعنوانی میں ملوث سابق سیکرٹری وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی فاروق اعوان کو گرفتار کیاتھا۔