بیرون ملک مقیم پاکستانی ماہرین واپس آرہے ہیں: احسن اقبال
اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ترقی و خوشحالی کے لئے سائنس و ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے، پاکستان ایک پرامن ملک ہے، ماضی کی حکومتوں کے مقابلے میں موجودہ حکومت کے اقدامات کے نتیجہ میں ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے، تعلیمی شعبے میں بہتری کی وجہ سے بیرون ملک سے پاکستانی ماہرین واپس آ رہے ہیں۔ گزشتہ روز بین الاقوامی سائنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت تعلیم کے شعبہ میں بہتری لائی ہے جس کی وجہ سے بیرون ملک مقیم پاکستانی ماہرین وطن واپس آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی و خوشحالی کے لئے سائنس و ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہو گیا ہے جبکہ دنیا صنعتی انقلاب کے چوتھے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدلتے ہوئے حالات میں جدید تقاضوں پر نہ چلنے والی قومیں پیچھے رہ جاتی ہیں۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن تعلیم کے فروغ کے لئے جدید طریقے اپنا رہا ہے۔ سائنس و ٹیکنالوجی کا ترقی میں کلیدی کردار ہے کیونکہ تکنیکی اور سائنسی انقلاب اقتصادی بہتری، صحت کے نظام میں بہتری، تعلیم اور انفراسٹرکچر میں اہمیت کے حامل ہیں۔ ٹیکنالوجی کی ترقی کو فروغ دینے کے لئے ترقی پذیر ممالک کو نوجوانوں کیلئے معیاری تعلیم میں سرمایہ کاری کرنے کے ساتھ ساتھ سائنس اور تحقیق کی تربیت کیلئے مہارت کو جاری رکھنا اور معاشرے میں وسیع پیمانے پر علم کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قدرتی عوامل کی جانب دیکھنا ہوگا۔
احسن اقبال