ماحولیاتی تحفظ میں پودوں کا کلیدی کردار ہے‘ ڈاکٹر اجمل خان
کراچی (نیوز رپورٹر)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کہا ہے کہ صحتمندانہ ماحول ہی ایک صحتمند سوچ کو جنم دیتا ہے باغبانی کا شوق اور پھولوں سے محبت معاشرے میں صحت منداور مثبت رحجانات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ پھولوں کی نمائش شہروں میں رہائش پذیر افراد کو قدرتی حسن کے قریب لانے کا نادر موقع ہے یہی نہیں بلکہ ایسی نمائش لوگوں میں باغبانی اور پھولوں کی اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرتی ہیں‘ ماحولیاتی تحفظ میں پودوں کا کلیدی کردار ہے ہمیں لوگوں میں پودوں سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے‘ بوٹینیکل گارڈنز پوری دنیا میں پودوں کی حفاظت میں اہم کردار کے حامل ہوتے ہیں اور اس ضمن میں جامعہ کراچی کا بوٹینیکل گارڈن بھی بین الاقوامی معیار اورتقاضوں سے ہم آہنگ ہے۔ مذکورہ بوٹینیکل گارڈن کے قیام میں میرا بھی کردار رہاہے جس پر میں فخر محسوس کرتاہوں اور بحیثیت شیخ الجامعہ مذکورہ گارڈن کو ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کراتا ہوں ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے سینٹر فار پلانٹ کنزرویشن کے تحت چار روزہ ’’پھولوں کی نمائش 2018ئ‘‘ کی افتتاحی تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صدر انجمن اساتذہ پروفیسر ڈاکٹر جمیل کاظمی‘ سیکرٹری انجمن اساتذہ جامعہ کراچی ڈاکٹر محمد معیز خان‘ پروفیسر ڈاکٹر بلقیس گل اور دیگر اساتذہ وطلبہ کی کثیر تعدادموجود تھی۔ معروف صنعتکار سردار یاسین ملک نے کہاکہ پاکستان میں ٹیلنٹ اور علم کی کمی نہیں ہے لیکن المیہ یہ ہے کہ ہم اس کے استعمال سے قاصر ہیں مذکورہ نمائش لائق تحسین ہے اور اس سے عوام میں پودوں اور پھولوں سے متعلق شعور و آگاہی بڑھے گی‘ کسی بھی جامعہ کی ترقی میں اس کے فارغ التحصیل طلبہ کا کلیدی کردار ہوتاہے ۔اس موقع پر انہوں نے بوٹینیکل گارڈن کیلئے 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان بھی کیا۔