خواتین کومساوی حقوق دینے کیلئے قوانین متعارف کرائے ‘ ناصر شاہ
کراچی (لیڈی رپورٹر)پاکستانی خواتین کو ترقی یافتہ ممالک کی خواتین کے شانہ بشانہ کھڑا کرنے اور اقوام عالم میں ان کے مثبت کردار اور کار ہائے نمایاں کو اجاگر کرنے کے لئے ونڈر ویمن ایسوسی ایشن آف پاکستان کا قیام ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔ تعلیم یافتہ ، ہنر مند،باصلاحیت اور ایسی با ہمت خواتین جو خود کو تعمیری اور فلاحی سرگرمیوں میں مصروف عمل رکھنا چاہتی ہیں ان کے لئے ونڈرویمن ایسوسی ایشن کا قیام خواتین کے عالمی دن کے موقع پر رکھے جانا ایک خوش آئند علامت ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شا ہ نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ ونڈرویمن ایسوسی ایشن آف پاکستان کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری حکومت محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے ویژن پر عمل پیرا ہے اور خواتین کو برابری کی بنیاد پر ہر شعبہ زندگی میں یکساں مواقع اور مساوی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔جس کے لئے ہماری حکومت نے موجودہ اور گزشتہ ادوارمیں اہم قوانین بھی متعارف کروائے ہیں ۔