مونگ پھلی،خطہ پوٹھوار کی نقد آور فصل
مکرمی :مونگ پھلی کی فصل کے لئے گرم مرطوب آب و ہوا موزوں ہے اور دوران بڑھوتری مناسب وقفوں سے بارش اس کی بہتر نشوونما کے لئے بے حد مفید ہے۔ بارانی علاقوں کے زمینی و موسمی حالات میں یہ دونوں خصوصیات موجود ہیں۔ اس لئے مونگ پھلی کے زیر کاشت رقبہ کا بیشتر حصہ بارانی علاقہ جات پر مشتمل ہے۔ کاشتکار جدید زرعی ٹیکنالوجی کے رہنما اصولوں پر عمل کرکے اپنی پیداوار میں دو سے تین گنا اضافہ کر سکتے ہیں جس سے نہ صرف کاشتکاروں کی معاشی حالت بہتر ہوگی بلکہ ملکی ترقی کے لئے بھی اہم ہے۔مونگ پھلی کی پیداوار میں اضافے کے لیے موزوں زمین کا انتخاب ضروری ہے۔ مونگ پھلی کے لیے رتیلی اور رتیلی میرا زمین یا ہلکی میرا زمین موزوں ہے۔ کیونکہ نرم اور بھربھری ہونے کی بدولت ایسی زمین میں پودوں کی سوئیاں با آسانی داخل ہو سکتی ہیں اور آسانی سے نشوونما پا سکتی ہیں بھاری میرا زمین سخت سطح کی حامل ہونے کے باعث سوئیوں کے داخل ہونے میں رکاوٹ پیدا کرتی ہے۔ جس کے نتیجے میں پیداوار کم، پھلیوں کی رنگت بھوری اور سائز کم ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ بھاری میرا زمین میں سے فصل کی برداشت بھی دشوار ہوتی ہے۔مونگ پھلی کی بہتر پیداوار کے حصول کے لیے محکمہ زراعت کی سفارش کردہ ترقی دادہ اقسام کاشت کرنی چاہئیں جو زیادہ پیداواری صلاحیت کی حامل ہونے کے علاوہ خشک سالی، بیماریوں اور کیڑوں کے حملے کے خلاف قوتِ مدافعت رکھتی ہیں۔ اس مقصد کے لیے کاشتکاروں کو باری۔ 2000 اور گولڈن نامی اقسام کاشت کرنی چاہئیں۔ مونگ پھلی کی بہتر پیداوار کے حصول کے لئے بیج بلحاظ قسم خالص ہو اور 90 فیصد سے زیادہ اگاؤ کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بیج زیادہ پرانا نہ ہو۔ پھلیوں سے زیادہ دیر نکلے ہوئے بیج کی قوتِ روئیدگی متاثر ہوتی ہے۔ گریوں کے اوپر والے گلابی رنگ کے باریک چھلکے کا صحیح سالم ہونا ضروری ہے۔ ٹوٹے یا اترے ہوئے چھلکے والے بیج کی اگنے کی صلاحیت ختم ہو جاتی ہے۔ گریاں کمزور، بیمار، کچی یا ٹوٹی نہ ہوں۔ شرح بیج 50 کلو گرام پھلیاں یا 30 کلوگرام گریاں فی ایکڑ ضروری ہے تاکہ پودوں کی فی ایکڑ مطلوبہ تعداد 60 تا65 ہزارحاصل ہو سکے۔مونگ پھلی کی کاشت کے لیے موزوں وقت آخر مارچ سے اپریل کے وسط تک ہے۔ مونگ پھلی کے بیج کو اگاؤ کے لیے 25 درجے سینٹی گریڈ سے زیادہ درجہ حرارت درکار ہوتا ہے۔ مونگ پھلی کی کاشت ہمیشہ بذریعہ یوریا سنگل روکاٹن ڈرل کی جائے۔ بیج کی گہرائی 5 تا 7 سینٹی میٹر رکھی جائے۔ (ہارون احمد خان 03015157246 اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی اطلاعات، راولپنڈی)