صدرمملکت کی منظوری کے بغیر الیکشن کمیشن کی جانب سے چھپوایا گیا ترمیم شدہ کاغذات نامزدگی فارم وقت نیوز کو موصول ہوگیا، فارم میں پندرہ ترامیم کی گئی ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی حکومت سے تنازع کے بعد پندرہ ترامیم پرمشتمل نیا کاغذات نامزدگی فارم چھپوا لیا ہے ،فارم میں عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو بیان حلفی دینا ہو گا کہ وہ خاتم النبین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے آخری نبی ہونے پر ایمان رکھتے ہیں،وہ کسی بینک ،مالیاتی ادارے ،کوآپریٹیو سوسائٹی یا اس طرح کے کسی دوسرے ادارے کے نادہندہ نہیں اور نہ ہی امیدوارکی اہلیہ اور زیر کفالت کوئی شخص بیس لاکھ روپے یا اس سے زائد کا نادہندہ ہے۔امیدوار نےکوئی قرضہ یا رقم معاف کروائی ہے اور نہ ہی بجلی گیس، فون اور پانی کی مد میں دس ہزار روپے یا اس سے زائد واجب الادا ہیں۔ نئے فارم میں امیدواروں کو اپنی بیویوں کی تعداد بھی بتانا ہوگی جبکہ زیر کفالت افراد کے نام بھی طلب کئے گئے ہیں ۔امیدوار کو اپنی، اہلیہ اور زیر کفالت افراد کی کمپنیوں کی تفصیل بھی فراہم کرنا ہوگی جبکہ یہ بھی بتانا ہو گا کہ کاغذات نامزدگی پر کرنے سے چھ ماہ قبل اس کے خلاف کوئی فوجداری مقدمہ نہیں تھا ،اگر مقدمہ تھا تو اس کی تفصیل بھی دینا ہو گی۔ امیدوار کو وہ اکاؤٹ نمبر بتانا ہو گا جس میں انتخابی اخراجات کے لیے رقم جمع کرائی گئی ہو گی، تعلیمی اسناد کی تصدیق شدہ کاپی منسلک کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ امیدوار کو اپنے اثاثوں کا گوشوارہ بھی فراہم کرنا ہوگا۔ ترمیم شدہ نامزدگی فارم میں گزشتہ تین سال کے دوران ادا شدہ انکم ٹیکس، کل آمدنی، ذرائع آمدن، ملکیتی اراضی، پلاٹ، تعمیر شدہ مکانات۔زرعی آمدنی، اپارٹمنٹس، تجارتی عمارتوں،رہائشی گھراور بیرون ملک جائداد کی تفصیل بھی طلب کی گئی ہے۔امیدوار کو اپنے بیرون ممالک دوروں کی تفصیل، پاسپورٹ کی کاپی، غیر ملکی دوروں کے اخراجات، گاڑیوں کی تفصیل معہ انجن اور چیسیز نمبر،ذاتی استعمال کے فرنیچر،سازو سامان اور غیر ملکی پاسپورٹ کے حوالے سے تفصیلات بھی فراہم کرنا ہونگی۔ الیکشن کمیشن نے ایک لاکھ بیس ہزار فارموں کی چھپائی کا کام مکمل کر لیا ہے۔ فارم اردو اور انگریزی زبان میں چھپوایا گیا ہے تاکہ امیدواروں کو آسانی رہے۔