سعودی ہم منصب کا شاہ محمود کو فون، مشترکہ فیصلوں پر جلد عملدآمد پر اتفاق
اسلام آباد‘ ملتان (خبر نگار + جنرل رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتیں بڑھانے کیلئے بہت دباؤ تھا لیکن وزیراعظم نے بجلی‘ پٹرول کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا۔ زراعت کا شعبہ منفی سے مثبت اشاریئے میں آ چکا ہے۔ گندم‘ چاول‘ گنے کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ کرونا کے باوجود معیشت کی ریکوری کا آغاز ہو چکا ہے۔ کراچی سرکلر ریلوے کیلئے بجٹ میں خطیر رقم رکھی گئی ہے۔ لیکن کپاس سے متعلق ہدف میں ناکامی ہوئی جس کی وجہ ناقص بیج تھا اور اس لیے چین سے مدد لیں گے۔ ملتان میں پریس کانفرنس میں خطاب کے دوران انہوں نے کہا حکومت کی بنیادی ترجیحات میں مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہے، ہم نے بجٹ میں ہر حلقے کو رعایت دی ہے۔ بجٹ پر اپوزیشن کے نقطہ نظر کو پارلیمنٹ میں سنیں گے۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو ٹیلی فون کیا، دوران گفتگو دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور گہرے تعلقات کے حوالے سے اپنے عزم کے اظہار کا اعادہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے پاکستانی قیادت کی جانب سے سعودی فرمانروا خادم الحرمین الشرفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات کے پیغامات پہنچائے سعودی وزیر خارجہ نے 2021 میں حج کے انتظامات کے حوالے سے درپیش چیلنجز اور سعودی حکومت کی جانب سے عوامی مفاد میں اٹھائے گئے اقدامات سے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔ شاہ محمود نے کہا ہمیں صورت حال کی نزاکت کا بخوبی علم ہے اور ہمیں سعودی قیادت کی جانب سے مفاد عامہ میں کیے گئے فیصلوں پر مکمل اعتماد ہے ۔ دونوں وزرائے خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان کے کامیاب دورہ سعودی عرب کے دوررس اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے کیے گئے مشترکہ فیصلوں پر جلد عملدرآمد‘ مشاورت جاری رکھنے کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کی سالمیت کے حوالہ سے پاکستان کی حمایت تعاون کا یقین دلایا‘ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات کے باعث دونوں وزرائے خارجہ کے مابین راوبط کا سلسلہ تواتر سے جاری رہتا ہے۔علاوہ ازیں شاہ محمود نے کینیڈا میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والے مقتولین کے اہلخانہ کو فون کر کے وزیر اعظم اور پاکستانی قوم کی طرف سے تعزیت کی ،ہر قسم کی مدد کی یقین دہانی کرائی اور کہا کینیڈین ہم منصب سے بات ہوئی ،انہوں نے تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔