شہد کی افادیت
مکرمی! ان تمام بیماریوں کا ذکر نامشکل ہے جن کے علاج میں ڈاکٹرز اور اطباء شہد کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں۔ چیدہ چیدہ امراض اور کیفیات کا بیان کر دینا کافی ہے۔ جن میں شہد کا استعمال اکثیر کا درجہ رکھتا ہے۔ ان میں جوڑوں کا درد‘ دل، جگر، مثانہ کے امراض، وبائی امراض، تھکاوٹ و عام کمزوری، خون کی صفائی، معدے کے امراض، بینائی کی تیزی، بے خوابی و بے سکونی کی حالت، فالج، لقوہ و رعشہ کے ساتھ ساتھ بڑھاپے کے سدباب کا بہترین ذریعہ ہے۔ کسی نے کیا خوب کہا ہے کہ صحت عمر اور حسن کا راز محنت، دودھ، شہد اور روغن زیتون میں ہے۔ حضور اکرمؐ شہد سے محبت رکھتے تھے اور ہمیشہ صحابہ کرامؓ کو شہد کے استعمال کا مشورہ دیتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا کہ:’’شہد ہر جسمانی مرض کے لئے اور قرآن حکیم ہر روحانی مرض کے لیے شفاء ہے‘‘۔دنیا میں زیادہ شہد پیدا کرنے والے ممالک میں آسٹریلیا، امریکہ، کینیڈا، چین اور میکسیکو وغیرہ شامل ہیں۔ پاکستان کے مختلف علاقوں میں کافی مقدار میں شہد پیدا ہوتا ہے، جن میں سوات،ہزارہ، جہلم، کشمیر اور چھانگا مانگا کے جنگلا ت شامل ہیں۔ (حمزہ سہیل، ملک پارک لاہور)