سی ٹی سی پاک کا بجٹ میں سگریٹ پر ٹیکس نہ بڑ ھانے پر اظہار مایوسی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پچاس سے زائد سول سوسائٹی کی تنظیموں کے اتحاد ، کولیشن فار ٹوبیکو کنٹرول پاکستان (سی ٹی سی پاک) نے وزارت صحت کی سفارشات کے باوجود وفاقی بجٹ 2021-22 میں سگریٹ پیک پر ٹیکس نہ بڑھانے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ موجودہ حالات جن میں کورونا سے اموات اور عوامی صحت کے نقصانات کو مدنظر رکھتے ہوئے، ان مصنوعات کی حوصلہ شکنی ضروری ہے۔ وبائی مرض ان لوگوں کیلئے زیادہ خطرناک ہے جو سگریٹ پیتے ہیں لیکن حالیہ بجٹ میں حکومت نے تمباکو نوشی کے مضر اثرات کو یکسر نظرانداز کردیا ہے جو کہ ایک قابل تشویش عمل ہے۔کولیشن فار ٹوبیکو کنٹرول پاکستان (سی ٹی سی پاک) کے پروجیکٹ کوآرڈینیٹر ذیشان دانش نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تمباکو کی مصنوعات پر ٹیکس نہ بڑھانے پر سول سوسائٹی اور تمباکو مصنوعات کیخلاف کام کرنے والے انتہائی مایوس ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بجٹ میں تمباکو صنعت سے وابستہ افراد اور ملٹی نیشنل کمپنیوں نے پاکستان میں تمباکو کی روک تھام کے لئے کئے گئے اقدامات اور کوششوں کو پیچھے دھکیلنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔