دورہ انگلینڈ 29 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان،سرفراز ،سہیل خان کی واپسی
لاہور(آئی این پی)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)نے دورہ انگلینڈ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے 29 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین اور ابھرتے ہوئے نوجوان کرکٹر حیدر علی کو قومی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز اگست-ستمبر میں انگلینڈ میں کھیلی جائے گی۔حیدر علی نے سیزن 2019-20 میں شاندار کارکردگی کی بدولت سیزن 2020-21 کے سینٹرل کنٹریکٹ کی ایمرجنگ کٹیگری میں جگہ حاصل کی تھی۔حیدر علی کے علاوہ 29 رکنی اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں اسپنر کاشف بھٹی بھی اپنے ڈیبیو کے منتظر ہیں۔ وہ آسٹریلیا اور سری لنکا کے خلاف اعلان کے کردہ اسکواڈ کا حصہ تھے مگر فائنل الیون میں جگہ نہ بناسکے۔ انہیں بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ کے ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔